ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / قبل از مانسون فصلوں کی ناکامی پر مرکز کی راحت،795کروڑ روپے ریاست کو فراہم کرنے کی منظوری

قبل از مانسون فصلوں کی ناکامی پر مرکز کی راحت،795کروڑ روپے ریاست کو فراہم کرنے کی منظوری

Fri, 30 Jun 2017 14:51:43    S.O. News Service

بنگلورو،29؍جون(ایس او نیوز)ریاست میں قبل از مانسون بارشوں کے ناکام ہوجانے کے سبب فصلوں کو جو نقصان ہوا ان کی بھرپائی کیلئے مرکزی حکومت نے کرناٹک کو 795کروڑ روپیوں کی ان پٹ سبسیڈی منظور کی ہے۔آج دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی میٹنگ میں ریاستی وزراء کاگوڈتمپا اور کرشنا بائرے گوڈا کی شرکت کے بعد مرکزنے فصلوں کو ہوئے نقصان کی بھرپائی کیلئے اس رقم کی منظوری کا تیقن دیا۔ دونوں وزراء نے آج مرکزی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ قبل از مانسون بارشوں کے ناکام ہوجانے کے سبب ریاست کو جس طرح کا نقصان اٹھانا پڑا ہے فوری طور پر مرکزی حکومت ریاست کی مدد کیلئے آگے آئے ۔ آج محکمۂ داخلہ کے تحت آنے والی اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی میٹنگ مسٹر راجناتھ سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران دونوں وزراء نے بتایا کہ 2016کے دوران قبل از مانسون بارشوں کی ناکامی نے 169 تعلقہ جات کو خشک سالی کی لپیٹ میں لے لیاتھا، 13.72 لاکھ ہیکٹر زمین پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔اس کا خسارہ تقریباً 7097.89 کروڑ روپیوں کا رہا۔ مرکزی حکومت کی طرف سے طے شدہ رہنما خطوط کے تحت فوری طور پر کرناٹک کو آفات سماوی فنڈ کے ذریعہ 3310.83کروڑ روپیوں کی رقم ملنی چاہئے۔ اس سلسلے میں آج دونوں وزراء نے وزیر داخلہ کو ایک عرضداشت بھی پیش کی۔ انہوں نے بتایاکہ مابعد مانسون فصلوں کو جو نقصان ہوا اس کا تخمینہ 17193کروڑ روپے لگایا گیا ہے، مرکزی حکومت کے ضوابط کے مطابق اس کیلئے 4702.54کروڑ روپیوں کی امداد کا مطالبہ کیا گیا تھا جس میں سے مرکزی حکومت نے 1685.52کروڑ روپیوں کی ان پٹ سبسیڈی جاری کی ہے۔میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر زراعت کرشنا بائرے گوڈا نے بتایاکہ مرکزی حکومت نے قبل مانسون فصلوں کی تباہی سے متاثرہ کسانوں کے بینک کھاتوں میں راست طور پر رقم جمع کرنے کی رضامندی ظاہر کردی ہے، جیسے ہی مرکز سے رقم ریاست کو منتقل ہوگی کسانوں کے کھانوں میں یہ رقم جمع ہوجائے گی۔اس موقع پر کرشنا بائرے گوڈا نے جو کہ مرکزی جی ایس ٹی کونسل کے ممبر بھی ہیں بتایاکہ یکم جولائی سے ملک بھر میں جی ایس ٹی کے تحت یکساں ٹیکس نظام لاگو ہونے جارہا ہے۔ریاستی حکومت نے اس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ، ریاستی لیجسلیچر میں بھی اس ضمن میں قانون منظور ہوچکا ہے، ساتھ ہی جی ایس ٹی کونسل کو ریاست کی طرف سے انہوں نے متعدد تجاویز پیش کی ہیں۔ اس موقع پر محکمۂ مالگذاری کے پرنسپل سکریٹری راجکمار کتری بھی موجود تھے۔


Share: